Time 19 فروری ، 2018
پاکستان

عاصمہ رانی قتل: ملزم انٹرپول کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل


پشاور: کوہاٹ میں میڈیکل کالج کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل کے ملزم مجاہد آفریدی کو انٹرپول کی انتہائی مطلوب کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔

انٹرپول نے ملزم کی تصویر بھی اپنی ویب سائٹ پر جاری کردی ہے۔ گرفتاری کے لیے خیبرپختونخوا پولیس نے انٹرپول سے رابط کیا تھا۔

ملزم مجاہد کی تصویر گرفتاری کی غرض شناخت کے لیے جاری کی گئی۔ انہیں انٹرپول کی ویب سائٹ پر انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔


عاصمہ رانی قتل کیس

یاد رہے کہ 28 جنوری کو کوہاٹ میں تحریک انصاف کے ضلعی صدر آفتاب عالم کے بھتیجے مجاہد نے رشتے سے انکار پر ایبٹ آباد میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کی طالبہ عاصمہ رانی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

ملزم مجاہد میڈیکل کالج کی طالبہ کو قتل کرنے کے فوری بعد اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے سعودی عرب فرار ہو گیا تھا۔

جس کے بعد خیبر پختونخوا پولیس نے ملزم مجاہد آفریدی کی گرفتاری کے لیے سعودی انٹرپول سے مدد طلب کر رکھی ہے۔

2 فروری کو پولیس نے عاصمہ کے قتل کے مفرور ملزم مجاہد آفریدی کے دوست اور معاون شاہ زیب کو گرفتار کیا تھا، جو عاصمہ کی جاسوسی کیا کرتا تھا، قتل کے وقت بھی وہ ملزم مجاہد کے ساتھ ہی تھا اور اسی نے واردات کے بعد مجاہد کو فرار ہونے میں مدد فراہم کی تھی۔

قبل ازیں عاصمہ کے قتل میں گرفتار ایک اور ملزم صادق اللہ کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کیا جاچکا ہے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار نے بھی عاصمہ کے قتل کا ازخودنوٹس لیا تھا۔

مزید خبریں :