زینب قتل کیس: مجرم عمران کی سزا کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور

فوٹو: فائل

لاہور: ہائیکورٹ نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 17 فروری کو زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران کو 4 مرتبہ سزائے موت سنائی تھی جس کے خلاف اس نے اپیل لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔

جیونیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چوہدری پر مشتمل دو رکنی بینچ نے  مجرم عمران علی کی سزا کے خلاف اپیل سنی جو سماعت کے لیے منظور کرلی گئی۔

مجرم عمران کی جانب سے اپیل میں کہا گیا ہےکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے مکمل دفاع کا موقع نہیں دیا لہٰذا دی گئی سزا غیرقانونی قرار دی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے کیس کا ریکارڈ آئندہ منگل کو طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے ضلع قصور سے اغواء کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا جس کی لاش 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔

پولیس نے 14 روز کی تگ و دو کے بعد گزشتہ روز ملزم عمران کو گرفتار کیا جو قصور میں دیگر 8 بچیوں کے قتل میں بھی ملوث نکلا۔

مزید خبریں :