12 مارچ ، 2018
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو فون کیا اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے بھی ملاقات کی۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نو منتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام عمران خان کے تہہ دل سے مشکور ہیں اور وہ وفاق کی علامت کے طور پر ابھرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو پارلیمان میں اہم مقام دلوانے پر عمران خان کے مشکور ہیں اور آپ نے مجھ سے جو توقعات وابستہ کیں، ان پر پورا اتروں گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے پر صادق سنجرانی کو مبارکباد دی۔
عمران خان نے کہا کہ صادق سنجرانی کاانتخاب آئین و جموریت کی فتح اور خاندانی سیاست کی شکست ہے۔
علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد صادق سنجرانی بلوچستان کے دیگر ارکان کے ہمراہ اسلام آباد میں زرداری ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، بلوچستان اور فاٹا کے آزاد سنیٹرز کے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی 57 ووٹ حاصل کرکے چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے جب کہ ان کے مدمقابل حکومتی اتحاد کے امیدوار راجہ ظفر الحق نے 46 ووٹ لیے۔
ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں بھی اپوزیشن اتحاد نے کامیابی حاصل کی اور پیپلزپارٹی کے سلیم مانڈوی والا 54 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوئے۔