23 جولائی ، 2012
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے رہ نما رضا ہارون کا کہناہے کہ صدر آصف علی زرداری نے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے گول میزکانفرنس پر اتفاق کیا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے بلاول ہاوٴس میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ، وفد میں وفاقی وزراء فاروق ستار، بابر غوری ، عادل صدیقی رضا ہارون اور نسرین جلیل شامل تھیں ، ایم کیو ایم کے وفد نے صدر مملکت کی توجہ کراچی میں بد امنی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے واقعات کی جانب دلائی جبکہ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پیپلزپارٹی ایم کیو ایم تعلقات پر بھی بات کی گئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہ نما رضا ہارون نے کہا کہ ملاقات کے دوران صدر نے وزیر اعظم کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرکے موجودہ صورتحال پر گول میز کانفرنس بُلائیں۔اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے بھی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا اغاز کردیا ہے۔اس سلسلے میں ایم کیو ایم کا وفد کل لاہور میں جماعت اسلامی کے امیر منور حسن اور مسلم لیگ ق کے راہ نما چوہدری شجاعت سے ملاقات کرے گا،ایک سوال کے جواب مییں رضا ہارون نے کہا کہ صدر سے بلدیاتی نظام کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ، ایم کیو ایم چاہتی ہے کہ ایسا بلدیاتی نظام نافذ کیاجائے جس میں عوام کو سہولت ہو،اور جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام بھتہ خوری اور لینڈ مافیا کا خاتمہ چاہتے ہیں ،اور انے والے دنوں پر اس معاملے پر اجلاس کریں گے ۔