دنیا
Time 27 مارچ ، 2018

امریکا کا پاکستان کے غیر نیٹو اتحادی کا درجہ ختم کرنے پر غور


واشنگٹن: امریکی جریدے فارن پالیسی میں شائع ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا پاکستان کا اہم غیر نیٹو اتحادی کا درجہ ختم کرنے پر غور کر رہا ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا پاکستان پر سیاسی پابندیاں لگاسکتا ہے جبکہ عارضی طور پر روکی گئی فوجی امداد بھی مستقل بند کی جاسکتی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے بعض پاکستانی سرکاری اہل کاروں پر ویزے کی پابندیاں لگانے پر بھی غور شروع کردیا۔

فارن پالیسی نے سینیئر امریکی اہل کاروں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ دو ماہ پہلے فوجی امداد روکے جانے کے باوجود پاکستان اپنی سرزمین پر افغان شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں ناکام رہا ہے۔

اہلکاروں کے مطابق امریکا خطے میں اپنے مفادات اور اہل کاروں کے تحفظ کے لیے جو ضروری سمجھتا ہے وہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

پاک-امریکا تعلقات میں تناؤ

رواں سال یکم جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف ٹوئیٹ کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔

بعدازاں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بھی پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ اور دیگر افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک معاونت معطل رہے گی۔

دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔

مزید خبریں :