09 اپریل ، 2018
صوابی میں مٹی کے گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلنا یاسر شاہ کو مہنگا پڑ گیا، آئرلینڈ اور انگلینڈ کی سیریز کی تیاری کے سلسلے میں یاسر شاہ صوابی میں مقامی ٹورنامنٹ کا میچ کھیلتے ہوئے ان فٹ ہوئے اور ان دونوں سیریز سے باہر ہوگئے۔
پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کے کولہے کی ہڈی میں ہیر لائن فریکچر ہے اور مکمل صحت یاب ہونے کے لیے انہیں کم از کم ڈھائی ماہ کا وقت درکار ہے۔
31 سالہ یاسر شاہ کو ایک ماہ صرف سوئمنگ کی اجازت ہوگی اور ایک ماہ مکمل آرام کرنا ہوگا تاہم اس کے بعد چھ ہفتے ری ہیبلی ٹیشن کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو یاسر شاہ کی ایک اور میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے جس کے بعد بورڈ ان کے بارے میں حتمی میڈیا ریلیز جاری کرے گا۔
پیر کو یاسر شاہ نے لاہور میں پاکستان ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ میں بھی شرکت نہیں کی جس سے جیو کی اس خبر کی تصدیق ہوچکی ہے کہ یاسر شاہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔
یاسر شاہ کی ایم آر آئی رپورٹ میں کولہے میں اسٹریس فریکچر کی تصدیق ہوگئی ہے۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 11 مئی سے 15 مئی تک ڈبلن میں کھیلا جائے گا جبکہ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 24-28 مئی کو لارڈز اور دوسرا یکم جون سے پانچ جون تک لیڈز میں کھیلا جائے گا۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے تصدیق کی ہے کہ یاسر شاہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے اور یہ ٹیم کیلئے بہت بڑا دھچکا اور نقصان ہے۔