ایم کیو ایم بہادرآباد اور پی آئی بی کا 5 مئی کو مشترکہ جلسہ کرنے کا اعلان


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان بہادرآباد گروپ اور پی آئی بی گروپ نے 5 مئی کو لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ پر مشترکہ جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ باہمی اتفاق کے بعد لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں مشترکہ جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ اگرچہ ہم نے 5 مئی کو مشترکہ جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان کا بہادرآباد آنے کا مقصد محض ٹنکی گراؤنڈ میں مشترکہ جلسہ کرنا نہیں ہے، بلکہ مقصد یہ ہے کہ جلسے کے بعد بھی ہم مہاجروں اور تمام مظلوموں کے اتحاد و یکجہتی کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

فاروق ستار نے کہا کہ یہ جلسہ تاریخی ہوگا جو اگلے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دے گا، آج ایک خوشخبری دی ہے اب مزید اچھی خبریں آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے ملنے کا کریڈٹ کوئی جماعت لینا چاہتی ہے تو لے لے، ہم ان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ٹنکی گراؤنڈ میں جلسہ کیا۔

اس موقع پر ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے سربراہ خالد مقبول صدیقی بھی فاروق ستار کے ہمراہ موجود تھے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ جلسہ ایم کیو ایم کے جذبات کے اظہار کے لیے نہیں بلکہ مہاجر قوم کے جذبات کے اظہار کے لیے رکھا گیا ہے جس پر مختلف جگہوں پر پریشانی شروع ہوگئی ہے۔

کامران ٹیسوری کا معاملہ

جب فاروق ستار بہادرآباد پہنچے تو کامران ٹیسوری مرکز کے اندر نہیں گئے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے بتایا کہ وہ کارکن کی حیثیت سے بہادرآباد کے باہر کھڑے ہیں۔

 کامران ٹیسوری نے بتایا کہ فاروق بھائی نے کہا کچھ لوگوں کو اعتراض ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ لوگ کوں ہیں۔

کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر مائنس کامران ٹیسوری کا فیصلہ ہوا تو منظورہے، کل بھی کارکن کی حیثیت سے کام کررہا تھا ابھی بھی کارکن ہوں۔

فاروق ستار 4 مئی کے جلسے کا اعلان واپس لے کر بہادرآباد پہنچے

قبل ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار نے 4 مئی کو لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان واپس لے لیا تھا اور کہا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ایم کیو ایم کا مشترکہ جلسہ منعقد کرنا ہے۔

ٹنکی گراؤنڈ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا تھا کہ ’میں ایک جلسہ کی خاطر 4 مئی کے جلسے کا اعلان واپس لیتا ہوں اور یہاں سے سیدھا بہادرآباد جارہا ہوں‘۔

فاروق ستار نے کہا تھا کہ ’وقت آگیا ہے کہ ہم تمام اختلافات کوختم کردیں، آئیں اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر نئے سفر کا آغاز کریں‘۔

فاروق ستار نے یہ بھی کہا تھا کہ کہ ’مسئلہ خالد بھائی اور میرا نہیں، پی ایس پی والوں کو بھی سمجھانا ہے، ایف سی ایریا کی عوام نے کہہ دیا کہ ایک ہی جلسہ ہونا چاہیئے، اگر یہ ایک جلسہ ہوا تو 90 فیصد پی ایس پی ایم کیوایم میں واپس آجائے گی‘۔

انہوں نے کہا کہ تھا کہ مہاجر یکجہتی کے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے، ٹنکی گراؤنڈ میں 2 کیمپس نہیں ہونے چاہئیں، دو دن سے کہہ رہا ہوں کہ مشترکہ جلسہ ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ 29 اپریل کو پاکستان پیپلز پارٹی نے لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ پر جلسہ منعقد کیا تھا۔

یہ ضلع وسطی میں 44 برس بعد پیپلز پارٹی کا جلسہ تھا جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کیا تھا۔

بلاول نے اپنے خطاب میں ایم کیو ایم، عمران خان اور نواز شریف پر سخت تنقید کی تھی۔

پیپلز پارٹی کے اس جلسے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد اور پی آئی بی گروپ کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا تھا۔

 بہادرآباد گروپ کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے 5 مئی کو جبکہ پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار نے 4 مئی کو ٹنکی گراؤنڈ پر جلسے کا اعلان کردیا تھا البتہ فاروق ستار نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ جلسہ مشترکہ ہونا چاہیے۔

اس کے بعد ٹنکی گراؤنڈ میں بہادرآباد گروپ اور پی آئی بی گروپ کے علیحدہ علیحدہ کیمپس لگادیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ سینیٹ انتخابات کے لیے فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر ایم کیو ایم میں پھوٹ پڑ گئی تھی جو اب بھی برقرار ہے۔

مزید خبریں :