Time 06 مئی ، 2018
پاکستان

وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت سیاسی رہنماؤں کی احسن اقبال پر فائرنگ کی مذمت

وزیر داخلہ احسن اقبال کو نارووال کے علاقے کنروڑ میں فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا۔ فوٹو: فائل

صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت سیاسی رہنماؤں نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کی ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عدم برداشت معاشرے کے لیے زہر قاتل اور استحکام کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر داخلہ پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی سخت مذمت کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔

‏انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر تحقیقات کا جائزہ لے رہا ہوں، ذمہ داران قانون کے تحت سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی احسن اقبال کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

مریم نواز نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور اس میں بگاڑ پیدا کرنے والی قوتوں کا محاسبہ کرنا ہو گا۔

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ پر حملہ ملکی سیکیورٹی پر بڑا سوالیہ نشان ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن سے قبل سیکیورٹی کے لیے جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پوری قیادت احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتی ہے۔

امیر جماعت سراج الحق نے وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حملے کے پس پردہ عزائم بے نقاب ہونے چاہئیں۔

سابق صدر آصف زرداری نے احسن اقبال پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ پر حملہ تشویش ناک ہے، ایسے واقعات کو روکنا ہو گا۔

شریک چیئرمین پیپلز پارٹی نے احسن اقبال کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے بھی احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کی سلامتی و مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔

رہنما تحریک انصاف عثمان ڈار نے احسن اقبال کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت کا ایسا رجحان خطرناک ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اور وزیر داخلہ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیر داخلہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کےخلاف سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے بھی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی اور ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک واقعہ قرار دیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، جہانگیر خان ترین، اسد عمر اور چوہدری سرور نے بھی احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمت کی۔

سربراہ ایم ایم اے مولانا فضل الرحمان، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ، پاک سر زمین پارٹی کے جنرل سیکریٹری رضا ہارون نے بھی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کی۔

مزید خبریں :