Time 10 مئی ، 2018
پاکستان

کراچی: استانی کے ہاتھوں طالبہ کا قتل اور خودکشی، کہانی میں نیا موڑ

7 مئی کو کوثر نیازی کالونی میں ایک مکان سے 2 خواتین کی لاشیں ملی تھیں—۔فائل فوٹو

کراچی:کوثر نیازی کالونی میں استانی کے ہاتھوں طالبہ کے قتل اور خودکشی کی کہانی میں ایک کے بعد ایک نیا موڑ آنے لگا۔

پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں خواتین کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔

واضح رہے کہ پیر (7 مئی) کی شب نارتھ ناظم آباد کی کوثر نیازی کالونی میں ایک مکان سے 26 سالہ استانی نسرین اور 16 سالہ طالبہ رابعہ کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

پولیس کے مطابق رابعہ کا رشتہ 10 ماہ قبل نسرین کے بھائی سے طے کیا گیا تھا، تاہم واردات سے 4 روز قبل اہلخانہ نے رابعہ کا رشتہ ختم کرکے دوسری جگہ کردیا گیا۔

رابعہ کے اہلخانہ کے مطابق رشتہ ختم کرنے پر نسرین ان کے گھر آئی اور مشتعل ہو کر رابعہ کو 2 گولیاں مار خود کو بھی گولی مارلی۔

پولیس کے مطابق قتل کے بعد گھر میں جرگہ جاری تھا جبکہ لاشوں کی اطلاع بھی دونوں کے اہلخانہ نے پولیس کو نہیں دی بلکہ اہل محلہ نے پولیس کو مطلع کیا۔

پولیس کے مطابق شک کی بنیاد پر دوہرے قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

مقدمےکے متن کے مطابق غیر قانونی جرگے کی وجہ سے مقتولین کے ورثاء مقدمے کے اندراج میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کے ورثاء کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ مقتولہ نسرین کا شوہر پولیس اہلکار اور ٹریننگ سینٹر میں زیر تربیت ہے۔

مزید خبریں :