10 مئی ، 2018
فرانسیسی سفارتخانے نے خوبرو اداکارہ ماہرہ خان کو 71 ویں سالانہ کانز فلم فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔
ماہرہ خان بھارت سمیت کئی ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں اور اب وہ فرانس کے شہر کانز کے 71 ویں فلم فیسٹیول میں شرکت کریں گی۔
پاکستان میں واقع فرانسیسی سفارتخانے نے بذریعہ ٹوئیٹ ماہرہ خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا ’ماہرہ ہمیں یقین ہے کہ آپ ریڈکارپٹ پر نہیں لڑکھڑائیں گی۔‘
اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ میں بین الاقوامی فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کروں گی‘۔
ان کا کہنا تھا، 'ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ آپ اس فیسٹیول میں شرکت کے لیے پرجوش ہوں گی جب کہ مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ میں پاکستان ٹیم کی کھلاڑی ہوں جو اکیلی ہوں‘۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ 'میں کانز فلم فیسٹیول کے لیے جہاں پرجوش ہوں وہیں بہت زیادہ گھبرائی ہوئی بھی ہوں۔'
انہوں نے بتایا کہ 'اگر میں اس کے لیے تیاری کرچکی ہوتی تو اتنی پریشان نہیں ہوتی لیکن اب تک کچھ نہیں پتہ کہ کیا پہنوں گی، سب کچھ کیسے ہوگا۔'
واضح رہے کہ سالانہ کانز فلم فیسٹیول میں ہالی وڈ اور بالی وڈ کے بڑے نام شرکت کرتے ہیں۔