کھیل

ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، ہارون رشید

کمیٹی نے یہی طے کیا ہے کہ کھلاڑیوں کو مسلسل کرکٹ کے دوران ان فٹ ہونے سے بچایا جائے، ہارون رشید—فائل فوٹو۔

کراچی: آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹرز کو لگاتار انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنا ہے۔

مشن ورلڈ کپ میں کرکٹرز کی فٹنس کو خاص توجہ دی گئی ہے۔ اس دوران انہیں آرام کے کم مواقع ملیں گے۔

یہ انکشاف پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائر یکٹر کرکٹ ہارون رشید نے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ تک پاکستانی ٹیم 28 ون ڈے، 14 ٹی ٹوئنٹی اور 8 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی لیگز کے لئے جو کمیٹی بنائی تھی اس میں میرے علاوہ کپتان سرفراز احمد، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ڈائریکٹر اکیڈمی مدثر نذر شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے یہی طے کیا ہے کہ کھلاڑیوں کو مسلسل کرکٹ کے دوران ان فٹ ہونے سے بچایا جائے، ورک لوڈ کو کم کرنے کے لئے کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگز سے دور رکھا جارہا ہے۔

ہارون رشید کا کہنا ہےکہ پاکستانی ٹیم کی مسلسل مصروفیات کی وجہ سے کھلاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، اگر کوئی کھلاڑی لمبے عرصے کے لئے ان فٹ ہوگیا تو ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کی تیاریوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی لیگز کے لئے جو پالیسی بنائی گئی ہے وہ حتمی نہیں ہے، اس کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا تاہم لیگز کے حوالے سے پالیسی اوپن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بعض کھلاڑی ایک فارمیٹ اور کچھ دو فارمیٹ اور بعض تینوں فارمیٹ کھیلتے ہیں اگر کوئی کھلاڑی تیسری لیگ کھیلنے کی اجازت مانگتا ہے تو اس کے کیس کو کمیٹی کے سامنے رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی لیگز میں ملک کے ٹاپ کے کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیا جاتا ہے۔

ہارون رشید نے کہا کہ لیگز کی پالیسی اتفاق رائے سے بنائی گئی ہے ۔اس دستاویز پر سب کے دستخط ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ پانچوں لوگ اس فیصلے میں شریک ہیں۔

ہارون رشیدنے کہا کہ سال میں دو لیگز کے حوالے سے جو پالیسی بنائی گئی ہے، اس کو بناتے وقت پاکستان کے انٹر نیشنل سیزن کو بھی سامنے رکھا گیا ہے۔

مزید خبریں :