کھیل

ٹیسٹ سے کنارہ کشی کا سوچنے والے عامر کو وسیم اکرم کا مشورہ

دنیا کے عظیم کھلاڑی ٹیسٹ میچز میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں، وسیم اکرم— فوٹو: فائل

فاسٹ بولر محمد عامر کے بارے میں کئی ماہ سے یہ خبر گرم ہے کہ وہ اپنے کیریئر کو طول دینے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا چاہتے ہیں اور اپنے کیریئر کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں۔

عامر بھی ڈھکے چھپے الفاظ میں ٹیم انتظامیہ سے اپنی اس خواہش کا اظہار کر چکے ہیں لیکن ماضی کے عظیم فاسٹ بولر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے فاسٹ بولر محمد عامر کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔

وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ دنیا کے عظیم کھلاڑی ٹیسٹ میچز میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں اگر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی اور محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ دی تو ہوسکتا ہے کہ انہیں پیسہ ضرور مل جائے لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا نام عظیم فاسٹ بولرز کی فہرست میں لانے کیلئے انہیں ٹیسٹ ریکارڈ بہتر بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔

51 سالہ وسیم اکرم جو پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 414 اور ون ڈے انٹرنیشنل میں 502 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹار ہے لیکن آفریدی کی تمام کرکٹ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے عظیم بولرز کی فہرست میں شاہد آفریدی کا نام کبھی شامل نہیں ہوسکتا۔

خیال رہے کہ 26 سالہ فاسٹ بولر محمد عامر نے 31 ٹیسٹ میچز میں 100 وکٹیں حاصل کی ہیں، ان کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ ٹیسٹ میچوں سے زیادہ محدود اوورز کی کرکٹ کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

جمعرات کو لارڈز میں جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ محمد عامر ابھی کم عمر ہے اس کا کیریئر مزید طویل ہوسکتا ہے، اس لیے انہیں ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ مجھے خوشی ہوگی جب عامر اپنا کیریئر ختم کریں تو ان کے نام کے سامنے ڈھائی تین سو وکٹ ہوں اور انہیں بھی عظیم ترین بولرز کی فہرست میں شامل کیا جائے۔

سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ سے قبل ایک سال کا مصروف سیزن ہے اس لیے ٹیم انتظامیہ کو 25 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردینا چاہیے اور ان کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس پر توجہ دینی ہوگی اور ٹیم انتظامیہ کو ان کھلاڑیوں کو احتیاط سے استعمال کرنا ہوگا۔

آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی تجویز اچھی نہیں، وسیم اکرم

لیفٹ آرم فاسٹ بولر نے بھی آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی اس تجویز کو مسترد کردیا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ میں ٹاس ختم کرکے مہمان ٹیم کو پہلے بولنگ یا بیٹنگ کا اختیار دیا جائے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ کرکٹ میں یہ روایتی چیزیں ہیں اور یہی کرکٹ کی اصل روح ہے اس لیے ٹاس کو ختم کرنا سمجھ سے بالاتر ہوگا، ٹاس ہی سے کرکٹ کی اصل دلچسپی دیکھنے میں آتی ہے۔

دریں اثناء پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد مجھے یقین نہیں تھا کہ میں دوبارہ پاکستان کے لیے کھیل سکوں گا۔

انگلینڈ میں کئی سال بعد بھی اس اسکینڈل کی بازگشت سنائی دے رہی ہے اور محمد عامر کی وجہ شہرت آج بھی یہی اسکینڈل ہے۔

حیران کن طور پر پاکستانی ٹیم انتظامیہ اس حساس معاملے پر محمد عامر کو انٹرویو کی اجازت دے رہی ہے۔ برطانیہ کے ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ میرے لیے وہ وقت بہت مشکل تھا لیکن میں اپنے اہل خانہ اور وکلاء کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں مجھے سپورٹ کیا اور میرے ساتھ کھڑے رہے۔

محمد عامر کہتے ہیں کہ انگلینڈ کا یہ دورہ ان کے انٹرنیشنل کیریئر کو مزید بلندیوں کی جانب لے کر جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال میں نے پاکستان کی جانب سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں وہ کارکردگی دکھائی جس کی ٹیم کو توقع تھی، انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل کمر کی تکلیف کی وجہ سے مِس کیا لیکن فائنل میں پاکستان ٹیم کے لیے میچ وننگ اسپیل کیا۔

مزید خبریں :