05 جون ، 2018
قومی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن اسکاٹ لینڈ کے خلاف 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
آسٹریلیا کے اسٹیو رکسن 2 سال مکمل ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کو خیرباد کہہ رہے ہیں، ان کی جگہ ایک اور آسٹریلوی ڈیرن بیری نئے فیلڈنگ کوچ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
ڈیرن ساؤتھ آسٹریلیا، وکٹوریہ کی جانب سے وکٹ کیپر رہ چکے ہیں اور وہ وکٹ کیپر ہیں، اس لیے ان کی موجودگی سے کپتان سرفراز احمد کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرن بیری آسٹریلوی کرکٹ ٹیم میں ایڈم گلکرسٹ کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور وہ کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد مختلف فٹبال کلبوں کے لئے کام کرتے رہے۔
انہوں نے بگ بیش میں ایڈیلیڈ اسٹریکر کی نمائندگی کی اور انڈین پر یمیئر لیگ میں راجھستان رائلز کے لئے بھی کام کر چکے ہیں، اس وقت ساؤتھ آسٹریلیا کی ٹیم سدرن ریبوک کے لئے کام کررہے ہیں۔
2004 میں کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد ڈیرن بیری نے کچھ عرصہ کمنٹری میں بھی قسمت آزمائی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے خلاف 2 میچوں کے بعد ناراض اسٹیو رکسن پاکستان ٹیم کو خیرباد کہہ دیں گے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ جلد نئے فیلڈنگ کوچ کا عہدہ مشتہر کرے گا تاہم مکی آرتھر ڈیرن بیری سے رابطے میں ہیں اوروہ اس عہدے کے لئے درخواست دیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ میں مکی آرتھر کی سفارشات آنے کے بعد ہارون رشید، مدثر نذر اور انضمام الحق پر مشتمل کمیٹی ڈیرن بیری کے نام پر غور کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے جیمز فوسٹر ابھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لئے ان کا نام اس فہرست میں آگے نہیں جاسکے گا۔
واضح رہے کہ اسٹیو رکسن کا تقرر 2 سال قبل ہوا تھا۔