26 جولائی ، 2012
کراچی…کراچی میں فائرنگ، ٹارگٹ کلنگ اور پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت 7افراد کو قتل جبکہ متعدد کو زخمی کردیا گیا۔ گارڈن میں دو افراد کی ہلاکت کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔پولیس کے مطابق گارڈن میں بادشاہی روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پکوڑوں کی دکان پر فائرنگ کردی جس سے ایک شخص موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج وہ بھی دم توڑ گیا، مقتولین کی شناخت جبار رفیق اور زاہد اسماعیل کے نام سے ہوئی ہے۔ رابطہ کرنے پر پولیس نے جیو نیوز کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ واقعے کے بعد علاقے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ، صورتحال کے باعث پولیس ، رینجرز کی بھاری نفری طلب کی گئی جنھیں متاثرہ علاقے میں تعینات کردیا گیا ، تاہم اس موقع پر علاقہ مکینوں کی جانب سے پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔سعود آباد کے علاقے میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ نیو کراچی کے بشیر چوک سے ایک خاتون کی لاش ملی جسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ منگھوپیر سے ایک شخص کی لاش ملی جسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تاہم اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ بہادر آباد میں دکان پر فائرنگ کر کے عامر نامی شخص کو قتل جبکہ دو کو زخمی کردیا گیا۔پی آئی ڈی سی کے قریب سلطان آباد میں ایک شخص نے گھر بلا کر اپنی منگیتر صائمہ کو قتل کردیا۔