26 جولائی ، 2012
اسلام آباد…اسلام آباد میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 26افراد مبینہ طور پر ٹریول ایجنسی کی جانب سے ٹکٹ ری فنڈ کئے جانے کے سبب عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب روانہ نہیں ہوسکے جس پر انہوں نے احتجاج کیا جبکہ ٹریول ایجنسی کا عملہ دفتر سے غائب تھا۔ اسلام آباد کے علاقے ایف 10میں واقع ٹریولز کے دفتر کے باہر صوا بی سے تعلق رکھنے والے افرادنے ادائیگی کے باوجود سفری دستاویزات اور ہوئی ٹکٹ نہ ملنے پر احتجاج کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹریول ایجنسی کی جانب سے ان سے ایک لاکھ روپے سے زائد رقم فی کس وصول کی گئی مگرآج صبح جب 26افراد کا گروپ عمرے کے لئے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا توانہیں بتایا کہ ان کے ٹکٹ ری فنڈکرائے جاچکے ہیں۔موقع پر موجودایبٹ آباد، بنوں،آزاد کشمیر،دیر ،میانوالی اور دیگرمختلف علاقو ں کے متاثرین نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ہزاروں روپے کی ادائیگی کے باوجود انہیں بھی ویزے لگاکر پاسپورٹ واپس نہیں کئے گئے جبکہ آج ٹریول ایجنسی کا عملہ بھی غائب رہا اور کوئی دادرسی کرنے والا نہیں تھا۔لوگوں کی شکایت پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کردیں۔جیونیوزکی ٹیم نے موقف جاننے کے لئے ٹریول ایجنسی کے حکام سے رابطے کی کوشش کی تاہم رابطہ نہ ہوسکا۔