28 جون ، 2018
سابق کپتان شاہد آفریدی، مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائر منٹ زیادہ پرانی بات نہیں ہے اور اب پاکستانی میڈیا نے ابھی سے موجودہ کپتان سرفراز احمد کی ریٹائرمنٹ کی باتیں شروع کردی ہیں۔
اس حوالے سے سرفراز کہتے ہیں کہ ابھی تو میں جوان ہوں میری ریٹائرمنٹ کی عمر ابھی نہیں آئی ہے۔
31سالہ سرفراز احمد پاکستان کی جانب سے 41 ٹیسٹ 85 ون ڈے اور 43 ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔
ریٹائرمنٹ کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ ابھی تو میں نے کرکٹ شروع کی ہے، ریٹائر منٹ کے بارے میں نہیں سوچ رہا، پاکستان ٹیم کو جتوانے کے لئے سخت محنت کررہا ہوں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اس وقت ٹی ٹوئینٹی میں عالمی نمبر ایک ہے۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پاکستانی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی کپتانی میں ہرارے کے لئے روانہ ہوگئی جہاں وہ آسٹریلیا اور میزبان ٹیم کے خلاف تین قومی ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلے گی۔
سرفراز احمد نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئینٹی میں 49 گیندوں پر 89 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کو پہلے میچ میں 48 رنز کی فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔
سرفراز احمد کو بیٹنگ میں مسلسل ناکامی پر تنقید کا سامنا تھا۔2016 میں پاکستانی ٹی ٹوئینٹی ٹیم کا کپتان بننے کے بعد سرفراز احمد نے 21میں سے18ٹی ٹوئینٹی جیتے ہیں۔
ان کی کپتانی میں ابھی تک پاکستان کوئی سیریز نہیں ہارا ہے اور اس وقت عالمی نمبر ایک ہے۔
سرفراز احمد نے42 ویں ٹی ٹوئینٹی کے بعد اپنے کیئر یئر کی سب سے بڑی اننگز کھیلی۔
بدھ کو لاہور میں ایک صحافی نے سوال پوچھا کہ شعیب ملک نے ریٹائر منٹ کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔آپ کا کیا ارادہ ہے۔
سرفراز احمد اس سوال کے جواب میں بے ساختہ ہنسے اور بولے کہ میں نے ابھی تو کرکٹ شروع کی ہے، فی الحال ریٹائر منٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے، نہ ابھی اس بارے میں سوچا ہے اس وقت میری تمام توجہ پاکستان ٹیم کے دورے اور کرکٹ کھیلنے پر مرکوز ہے۔
ایک صحافی نے سرفراز احمد کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی نہیں ہوئی لیکن ٹیم کو جتوانے کے لئے سخت محنت کررہا ہوں، کوشش کررہا ہوں کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو جتواؤں۔