پاکستان
27 جولائی ، 2012

رجسٹرار سپریم کورٹ کے نام سے جعلی ای میل بھیجنے جانے کا انکشاف

رجسٹرار سپریم کورٹ کے نام سے جعلی ای میل بھیجنے جانے کا انکشاف

اسلام آباد … سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے سپریم کورٹ میں شکایت کی ہے کہ رجسٹرار کی جعلی ای میل کے ذریعے ارسلان افتخار کیس کے حوالے سے برطانوی کمپنیز اور ہوٹلوں کو ای میلز بھیجی گئیں۔ عدالت نے اس حوالے سے خبر شائع کرنے والے اسلام آباد کے جریدے کے چیف ایڈیٹر اور ایڈیٹر کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں، اسلام آباد سے شائع ہونے والے ایک ہفت روزہ میں 22جون کو خبر شائع ہوئی تھی کہ رجسٹرار سپریم کورٹ ڈاکٹر فقیر حسین نے اپنے اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان کے بیٹے ارسلان افتخار پر ملک ریاض حسین کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کے بعد ان مبینہ ہوٹلز اور کمپنیوں سے تفصیلات مانگی تھیں۔ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے عدالت کو اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جس ای میل کا تذکرہ خبر میں کیا گیا ہے وہ رجسٹرار سپریم کورٹ کی آفیشل ای میل نہیں ہے بلکہ رجسٹرار سپریم کورٹ کی جعلی ای میل ہے۔ اس حوالے سے رجسٹرار نے جریدے کو تردید بھیجی جو اس جریدے نے شائع کرنے سے انکار کر دیا جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف پر مشتمل بینچ نے جریدے کے ایڈیٹر ان چیف محسن بیگ اور ایڈیٹر ثمر چوہدری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم اگست تک جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے ۔

مزید خبریں :