27 جولائی ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقے بڑا بورڈ میں پولیس کے سرچ آپریشن اور متعدد افراد کو حراست میں لئے جانے پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور بس سمیت 3 گاڑیوں کو آگ لگادی۔ پاک کالونی کے علاقے بڑا بورڈ میں پولیس سرچ آپریشن کے بعد علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور گزرنے والی گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا، جس کے بعد پاک کالونی سے بڑا بورڈ جانے والی سڑک پر ٹریفک معطل ہوگئی، مشتعل افراد نے مقامی سیاسی جماعت کے رہنما کی گاڑی، مسافر کوچ اور ایک موٹر سائیکل کو آگ لگادی، ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس اور رینجرز گھنٹوں تک علاقے سے دور رہی اور فائر بریگیڈ بھی نہیں پہنچی،جس کے باعث گاڑیاں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔ مشتعل لوگوں کی بڑی تعداد نے سائٹ تھانے کا گھیراوٴ کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔