پاکستان

شاہین ایئر کی بدانتظامی، 300 سے زائد پاکستانی چینی شہر گانگزو میں پھنس گئے


چین کے شہر گانگزو میں شاہین ایئرلائنز کی بدانتظامی کی وجہ سے 300 سے زائد پاکستانی پھنس گئے۔

تفصیلات کے مطابق شاہین ایئرلائن نے 29 جولائی کو گانگزو سے وطن واپسی کی فلائیٹ اچانک منسوخ کردی جس کے بعد ویزے کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے چینی پولیس نے گانگزو میں پھنسے کچھ پاکستانیوں کو حراست میں لے لیا۔

آئندہ چند روز میں مزید پاکستانیوں کے ویزے بھی ختم ہونے پر گرفتاری اور جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا ۔

جیو نیوز کی جانب سے مسافروں سے رابطہ کرنے پر پتہ چلا کہ ایئرلائن کی ہیلپ لائن سے بھی مسافروں کی کوئی مدد نہیں کی جارہی۔

مسافروں نے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔ مسافروں میں سے اکثر کا تعلق بلوچستان کے علاقے چمن سے ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں چین میں پھنسے پاکستانی مسافر احمد اللہ کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر نے بغیر بتائے پرواز منسوخ کردی۔

احمد اللہ نے کہ ہمارے پاس پیسے بھی نہیں ہیں، پاکستان کیسے جائیں۔

دوسری جانب ترجمان شاہین ایئر کی جانب سے جاری بیان میں چین میں ویزا ختم ہونے پر مسافروں کی گرفتاری کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے چین میں کسی مسافر کو گرفتاری نہیں کیا گیا۔

ترجمان شاہین ایئر کے مطابق 29 جولائی کو فلائٹ این ایل 891 کو ری شیڈول کیا تھا اور 29 جولائی سے مسافروں کو رہائش اور کھانے کی سہولیات دے رہے ہیں۔

ترجمان شاہین ایئر کا کہنا ہے کہ فلائٹ این ایل 891 چین کے وقت کے مطابق کل رات 10 بجے روانہ ہو گی، فلائٹ نہ آئی تو متبادل فلائٹ سے مسافروں کو لایا جائےگا۔

چیف جسٹس کا نوٹس

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے خبر پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے شاہین ایئر لائن کے سی ای او سے آئندہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی۔

 ازخود نوٹس کیس جمعہ کے روز اوپن کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر بھی کردی گئی۔

مزید خبریں :