29 جولائی ، 2012
حیدر آباد … پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما لیاقت جتوئی نے کہا ہے کہ اگر موجودہ حکومت کو ایک سال کی توسیع دی گئی تو اس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی، ایم کیو ایم نے ایک سال توسیع میں ساتھ دیا تو سنگین سیاسی غلطی ہوگی۔ حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد بلال ولاز میں واقع مسلم لیگی رہنما ایوب شر کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت جتوئی نے کہا کہ ملک بحرانوں کو شکار ہے، ریلوے، پی آئی اے اور اسٹیل ملز سمیت بیشتر ادارے تباہ ہوچکے ہیں، امن و امان خراب ہے، اس لئے حکومت کو ایک سال کی توسیع کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے مزید کہا قومی معاملات پر بلائی جانے والی گول میز کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ نواز شریف کریں گے۔