29 جولائی ، 2012
سرگودھا … وزیر اعلیٰ پنجا ب کے مشیر ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ رمضان المبار ک کے دوران مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مجسٹریٹوں کو سخت کارروائی کیلئے احکامات دے دیئے گئے ہیں۔ سرگودھا میں شاہین چوک پر رمضان ستا بازار کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ حکومت پنجاب روزہ داروں کو سستی اشیاء کی فراہمی کیلئے دس مختلف اشیائے خورد و نوش کیلئے 4 ارب روپے کی سبسڈ ی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میں اشیاء ضروریات وافر مقدار میں دستیاب ہیں او رکسی قسم کی کوئی قلت نہیں ۔
پاک ایران تعلقات میں بہتری آئی ہے، مزید مستحکم ہونگے، حسین شیخ الاسلام
اسلام آباد … مشیر برائے اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ حسین شیخ الاسلام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور آنے والے دنوں میں دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی رہنما نے اسلام آباد میں جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے میں پاکستانی عوام ہمیشہ پیش پیش رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم ناکام ہوگئے ہیں اور گریٹر اسرائیل کا خواب دیکھنے والا ملک اسرائیل اب سکڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کے عوام بھی فلسطین کے مسئلہ کے حل سمیت اسلامی دنیا کے مسائل کے حل کیلئے متحد ہیں ۔