29 جولائی ، 2012
ملتان… ملتان میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے تنگ بپھری عوام نے میپکو سب ڈویژن آفس پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کے ساتھ دفتر کا سامان بھی جلا دیا، ملتان میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف حرم گیٹ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے عوام جمع ہوئے اور میپکو سب ڈویژن پاک گیٹ پہنچی جہاں شہریوں نے میپکو آفس میں توڑ پھوڑ کی اور آفس میں پڑا فرنیچر اور دیگر سامان کو اٹھا کر جلا دیا۔ حرم گیٹ تھانہ کے سامنے بپھر ی عوام جلاؤ گھیراؤ میں مصروف رہی اور پولیس روایتی انداز میں تاخیر سے پہنچی۔ مظاہرین کے مطابق بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے ان کا جینا اجیرن کردیا ہے۔ رمضان المبارک میں ہر دس منٹ بعد بجلی کی آنکھ مچولی نے سنگین قدم اٹھانے پر مجبور کردیا پولیس کے مطابقذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔