21 اگست ، 2018
اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نامزد چئیرمین احسان مانی نے دوہری شہریت کی خبروں کو مسترد کردیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی پاسپورٹ رکھتے ہیں اور ان کی دوہری شہریت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوہری شہریت کی خبروں سے انہیں بدنام کیا جا رہا ہے تاکہ کرکٹ بورڑ میں ان کی تقرری کو متنازع بنایا جا سکے۔
سابق آئی سی سی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، انہیں زندگی میں کئی موقع ملے لیکن نہ شہریت بدلی اور نہ ہی کوئی ارادہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میرا اور وزیر اعظم کا وژن ایک ہے، عید کی چھٹیوں میں عمران خان سے مل کر مزید رہنمائی لوں گا اور دو ہفتے میں انتخابات کے بعد چارج سنبھال لوں گا۔
دوسری جانب احسان مانی کے انتخاب تک پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ افضل حیدر قائم مقام چیرمین بن گئے ہیں اور پی سی بی کی ویب سائٹ سے نجم عزیز سیٹھی کا نام تبدیل اور تصویر ہٹا دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے عہدے دے استعفیٰ دیا تھا جس کے فوری بعد وزیر اعظم عمران خان نے احسان مانی کو بورڈ آف گورنرز کے لیے نامزد کیا تھا جہاں وہ بورڈ قوانین کے مطابق الیکشن لڑکر چیئرمین بنیں گے۔