کھیل
Time 24 اگست ، 2018

چیئرمین پی سی بی کے انتخابی شیڈول کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا

احسان مانی کی بطور ممبر گورننگ بورڈ تعیناتی کا نوٹی فکیشن تاحال جاری نہ ہو سکا ہے — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابی شیڈول کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

احسان مانی کی بطور ممبر گورننگ بورڈ تعیناتی کا نوٹی فکیشن تاحال جاری نہ ہو سکا جس کے باعث چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی کا معاملہ التواء کا شکار ہے۔

وزیراعظم نے احسان مانی کو ممبر گورننگ بورڈ مقرر کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کرنا ہے جب کہ وزیراعظم نے مستعفی ممبر اعجاز عارف کی جگہ بھی کسی کو ممبر گورننگ بورڈ بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق ممبر بورڈ کا نوٹیفکیشن ہونے کے بغیر چیئرمین پی سی بی کا الیکشن نہیں لڑا جاسکتا۔

الیکشن کمشنر پی سی بی نے سوئی سدرن اور کے آر ایل کو اپنے ممبر نامزد کرنے کا خط لکھ دیا جس کی وجہ الیکٹورل کالج پورا کرنے کے لیے تمام ممبر گورننگ بورڈ کا الیکشن کے لیے ہونا ضروری ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمشنر پاکستان کرکٹ بورڈ جسٹس (ر) افضل نے کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقات کی ہے۔

بورڈ حکام نے کہا ہےکہ وزیراعظم کی جانب سے 2 نامزدگیاں ہونے کے بعد چیئرمین کا انتخاب ہوگا جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر آئندہ ہفتے الیکشن شیڈول کااعلان کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق الیکشن کمشنر منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کاانعقاد کریں گے۔

یاد رہے کہ نجم سیٹھی کےمستعفی ہونے کے بعد سےچیئرمین کاعہدہ خالی ہے اور الیکشن کمشنر پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیئرمین بھی ہیں۔ 

نجم سیٹھی کی جانب سے بطور پی سی بی چیئرمین استعفے کے بعد پیر کو عمران خان نے احسان مانی کو کرکٹ بورڈ کے لیے نامزد کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے ممبرز کی تعداد 10 ہے جس میں دو براہ راست وزیراعظم یعنی پی سی بی کا پیٹرن مقرر کرتا ہے جب کہ دیگر 8 ریجنز اور ڈپارٹمنٹ کی جانب سے منتخب ہوکر بورڈ کا حصہ بنتے ہیں۔

پی سی بی کے آئین کے مطابق چیئرمین پی سی بی کا عہدہ خالی ہونے کے چار ہفتوں کے اندر انتخابات کروانے ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :