Time 13 ستمبر ، 2018
پاکستان

تحریک انصاف کا وفد بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کرےگا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا وفد سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کرے گا۔

ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی قیادت میں پی ٹی آئی کا وفد نمازجنازہ میں شریک ہوگا جس میں صوبائی وزیر محمودالرشید، میاں اسلم اقبال اور دیگر وزرا بھی شریک ہوں گے۔

کلثوم نواز کی میت پاکستانی وقت کے مطابق رات تقریباً 11 بجے ہیتھرو ایئرپورٹ سے بذریعہ پی آئی اے پرواز لاہور روانہ کی جائے گی۔

کلثوم نواز کی میت پاکستان پہنچنے پر جمعے کو ان کی نماز جنازہ شریف میڈیکل کمپلیکس رائیونڈ میں شام 5 بجے ادا کی جائے گی۔

اس سے قبل بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن میں بھی ادا کی گئی جس میں ان کے بیٹے حسن و حسین نواز، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز 11 ستمبر کو لندن میں دوران علاج انتقال کرگئی تھیں۔

مزید خبریں :