پاکستان
Time 12 اکتوبر ، 2018

ن لیگی وفد کی سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات، شہباز شریف کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار

الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخابات کے موقع پر شہباز شریف کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار کیا، مریم اورنگزیب  — فوٹو:فائل 

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کر کے قائد حزب اختلاف کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار کیا۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات میں ضمنی انتخابات کے موقع پر شہباز شریف کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب ضمنی الیکشن کے لیے انتظامات پر مسلم لیگ (ن) نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے۔ 

خط مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق کی جانب سے لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیب چئیرمین کو فوری طور پر شہباز شریف کی رہائی کے احکامات جاری کرنے کا کہا گیا ہے لیکن خط پر ابھی تک الیکشن کمیشن نے کوئی ایکشن نہیں لیا ہے۔

خط کے متن کے مطابق شہباز شریف کی گرفتاری کے ضمنی الیکشن پر منفی نتائج پڑیں گے اور ضمنی الیکشن قریب ہے لیکن سب کو مساوی مواقع فراہم نہیں کیے جا رہے۔

راجہ ظفرالحق نے خط میں کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری قبل از انتخابات دھاندلی ہے۔

خط میں کہا گہا ہے کہ الیکشن کے روز پولنگ کا عمل تیز رکھا جائے تاکہ لمبی قطاریں نہ بنیں اور یقینی بنایا جائے کہ ووٹ کی گنتی کے وقت پولنگ ایجنٹس موجود ہوں۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آر ٹی ایس نظام میں تمام نقائص کو ختم کیا جائے اور فارم 47 کی تیاری کے وقت امیدوار اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

یاد رہے کہ ملک میں 14 اکتوبر کو  قومی و صوبائی اسمبلی کے 37 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔

نیب لاہور نے چند روز قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

اس کے بعد شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا۔

مزید خبریں :