کھیل
Time 07 نومبر ، 2018

انگلش و آسٹریلوی کھلاڑیوں کی تعریف پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھڑک اٹھے

اگر بھارتی کھلاڑی پسند نہیں تو بھارت چھوڑ کر کہیں اور جاؤ، ویرات کوہلی کا جواب — فوٹو:فائل 

بھارت میں ویرات کوہلی کو ناپسند کرنے والا سامنے آگیا جس پر بھارتی کپتان کا غصہ بھی آپے سے باہر ہوگیا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور تنازعات کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور وہ ہمیشہ کچھ ایسا کردیتے ہیں جس کہ وجہ  سے انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ 

بھارتی کپتان اپنی موبائل فون ایپ ’ویرات کوہلی آفیشل‘ کی لانچنگ تقریب میں ایک کرکٹ مداح کی جانب سے ناپسندیدگی کے اظہار پر سیخ پا ہوگئے۔

فون ایپ کی تقریب رونمائی کے دوران وہ آن لائن مداحوں کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے کہ ایک کرکٹ فین نے کہا کہ مجھے ویرات کوہلی بالکل پسند نہیں، ویرات کوہلی کو خواہ مخواہ اتنا بڑا بیٹسمین کہا جاتا ہے، اس سے بہتر تو آسٹریلوی اور انگلش کھلاڑی ہیں۔

بھارتی کپتان اس ناپسندیدگی کو برداشت نہ کرسکے اور انہوں نے اس شخص کو بھارت چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔

ویرات کوہلی نے جواب دیا کہ 'اگر بھارتی کھلاڑی پسند نہیں تو بھارت چھوڑ کر کہیں اور جاؤ'۔

بھارتی کپتان کے اس رویے کو کرکٹ مداحوں نے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور طرح طرح کے تبصرے بھی کیے ہیں۔

 

شمشیر نامی صارف نے کہا کہ ویرات کوہلی کا پیغام بھارتی انتہا پسندوں کے ’پاکستان جاؤ‘ سے تھوڑا سا مختلف تھا۔

زوبیئر نامی صارف نے ویرات کوہلی کی 2008 کی ویڈیو لگائی جس میں وہ اپنا پسندیدہ کھلاڑی جنوبی افریقا کے ہرشل گبز کو قرار دے دہے ہیں۔ 

صارف نے لکھا ہے کہ اس حساب سے انہیں بھی جنوبی افریقا چلے جانا چاہیئے۔ 

مزید خبریں :