دنیا
Time 08 نومبر ، 2018

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے بار میں فائرنگ، 12 افراد ہلاک


کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک بار میں فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے جب کہ حملہ آور نے خود کشی کرلی۔

فائرنگ کا واقعہ کیلیفورنیا کے شہر تھاؤزنڈ اوکس میں پیش آیا، مسلح شخص نے ہینڈ گن سے کلب کے سیکیورٹی گارڈ پر فائرنگ کی اور عمارت میں داخل ہو کر دیگر ملازمین اور لوگوں پر فائرنگ کر دی۔

حملہ آور نے پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی، فائرنگ کرنے والے کی شناخت امریکی بحریہ کے سابق اہلکار 28 سالہ ڈیوڈ لانگ کے نام سے ہوئی ہے۔

فائرنگ کرنے والے کا مقصد تاحال معلوم نہیں ہوسکا، کلب میں زیادہ تر کالج کے طلبا موجود تھے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ریاست کیلیفورنیا کے شہر تھاؤزینڈ اوکس کے شراب خانے بارڈر لائن اینڈ گرل میں ایک شخص کی جانب سے اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہاں یونیورسٹی طلبہ کی پارٹی جاری تھی۔

حملہ آور نے اندھا دھند درجنوں گولیاں برسائیں، جس سے خوفزدہ ہو کر لوگوں نے کرسیوں کی مدد سے کھڑکیاں توڑ کر باہر فرار ہونے کی کوشش کی جبکہ دیگر نے ٹوائلٹس میں پناہ لی۔

رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے وقت بار میں تقریباً 200 کے قریب لوگ موجود تھے جو کیلیفورنیا لتھرن یونیورسٹی سے کچھ دوری پر واقع ہے۔

حملہ آور کی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے جب کہ 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے، گولیاں لگنے سے ایک پولیس اہلکار بھی مارا گیا جو اگلے سال ریٹائرڈ ہونے والا تھا۔ 

بار کی ویب سائٹ کے مطابق یونیورسٹی کے طالبعلم پارٹی کے سلسلے میں رات 9 بجے سے صبح 2 بجے تک کے لیے جمع ہوئے تھے۔

مزید خبریں :