پاکستان
Time 21 نومبر ، 2018

پیراگون کیس: گرفتار ملزم قیصر امین بٹ وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے تیار

پیر اگون ہاؤسنگ کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو 14 نومبر کو اندرون سندھ سے گرفتار کرکے لاہور لایا گیا تھا— فوٹو:فائل 

لاہور: پیرا گون ہاؤسنگ کیس میں گرفتار ملزم قیصر امین بٹ نے وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے درخواست دے دی۔

 ترجمان نیب لاہور کے مطابق قیصر امین بٹ نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دی ہے جس کا قانون کے مطابق جائزہ لیاجارہا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ قیصر امین بٹ کی جانب سے پلی بارگین کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

دوسری جانب وکیل قیصر امین بٹ عبیداللہ ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ قیصر امین بٹ کی پلی بارگین کی درخواست نیب میں جمع کراچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قیصرامین نے احتساب عدالت میں 19 نومبر کو پلی بارگین پر بیان ریکارڈ کرایا تھا اور اسی روز ہی پلی بارگین کی درخواست نیب میں جمع کراکے رسید لی گئی۔

عبید اللہ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ 19 نومبر کو ہی چیئرمین نیب کو بھی درخواست ارسال کی گئی جب کہ احتساب عدالت نے 20 نومبر کو نیب کو پروسیس مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا ہے کہ نیب کا یہ کہنا غلط ہے کہ ان کو پلی بارگین کی درخواست نہیں ملی۔

یاد رہے کہ پیر اگون ہاؤسنگ کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو 14 نومبر کو اندرون سندھ سے گرفتار کرکے لاہور لایا گیا تھا۔

نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات کر رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف نیب میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ دونوں بھائیوں نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔

مزید خبریں :