02 اگست ، 2012
لاہور … وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پا لیں گے، ملکی حالات اچھے ہیں، آئندہ الیکشن میں بھی پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے یہ بات گورنر ہاوٴس لاہور میں پیپلزپارٹی لاہور ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر گیلانی نے الیکشن جیتا آگے بھی جیتیں گے، پیپلزپارٹی کے خلاف سازشیں ہوئیں مگر قیادت نے ہر سازش کو ناکام بنایا۔ اس سے قبل وزیراعظم 2 روزہ دورے پر لاہور پہنچے تو ایئرپورٹ پر گورنر لطیف کھوسہ اور پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں کے ساتھ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور نے ان کا استقبال کیا۔ گورنر ہاوٴس میں مسلم لیگ ق کے ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مشکل حالات کے باوجود اپوزیشن ارکان مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں، ق لیگ کے اراکین کو پیپلزپارٹی کے ارکان کے برابر فنڈ ملیں گے، آئندہ الیکشن دونوں جماعتیں ملکر لڑیں گے۔ وزیراعظم نے کارکنوں کو انتخابات کی تیاری کی ہدایت کی۔ راولپنڈی اور فیصل آباد ڈویژن کے ارکان سے ملاقات میں وزیراعظم نے یقین دلایا کہ ایک ماہ میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔