والدہ کے انتقال کا صدمہ یاسر شاہ کی کارکردگی میں رکاوٹ نہ بن سکا

یاسر شاہ کی والدہ کا ٹیسٹ سیریز سے چند دن پہلے انتقال ہوا تھا اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ صدمے کی وجہ سے سیریز مِس کر جائیں گے لیکن انہوں نے ہمت کرکے سیریز میں شرکت کی— فوٹو: فائل

دبئی ٹیسٹ میں ریکارڈ ساز بولنگ کرنے اور پاکستان کو نیوزی لینڈ کیخلاف فتح دلوانے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ کی والدہ کا ٹیسٹ سیریز سے چند دن پہلے انتقال ہوا تھا اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ صدمے کی وجہ سے سیریز مِس کر جائیں گے لیکن انہوں نے ہمت کرکے سیریز میں شرکت کی۔

سیریز میں انہوں نے یادگار بولنگ کر کے اپنے ہیرو شین وارن کو بھی تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔ یاسر شاہ کہتے ہیں کہ سیریز سے چند دن پہلے میری والدہ کا انتقال ہوا جس سے میں اپ سیٹ رہا۔ میں پریشان تھا اور صدمے کی حالت میں سیریز کھیلنا میرے لیے تکلیف دہ امر تھا۔

اسٹار اسپنر نے کہا کہ ماں کے بغیر میں کچھ بھی نہیں ہوں۔ جب بھی میں میچ کھیلنے جاتا تھا وہ میرے لیے دعا کرتی تھیں۔ میں انہیں فون کرکے اپنے لیے دعا کا کہتا تھا، میں دبئی ٹیسٹ کی کارکردگی اپنی ماں کے نام کرتا ہوں۔

یاسر نے کہا کہ میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں اور مجھے سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ پاکستان نے دبئی ٹیسٹ جیتا ہے۔ دبئی ٹیسٹ میں 14 وکٹیں لے کر وزیراعظم و سابق کپتان عمران خان کا ریکارڈ برابر کیا ہے جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ، کیلری گریمیٹ کا نہیں جانتے لیکن انہیں علم ہے کہ وہ ایک آسٹریلوی بولر کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں جنہوں نے یہ ریکارڈ 82 سال پہلے قائم کیا تھا۔

یاسر شاہ نے دبئی ٹیسٹ میں 14 کھلاڑیوں کو 184 رنز دے کر آؤٹ کیا تھا۔ انہوں نے 32 ٹیسٹ میچز میں 195 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 32 سالہ یاسر شاہ کو تیز ترین 200 وکٹوں کے گریمیٹ کے عالمی ریکارڈ کو توڑنے کیلئے 5 وکٹوں کی ضرورت ہے۔

آسٹریلوی لیگ اسپنر کیلری گریمیٹ نے 200 ٹیسٹ وکٹیں 36 ٹیسٹ میچوں میں مکمل کی تھیں۔ یاسر شاہ کہتے ہیں کہ ان کے ذہن میں یہ عالمی ریکارڈ ہے لیکن انہیں ریکارڈ ساز کھلاڑی کے نام کا علم نہیں ہے کیوں کہ وہ ریکارڈ کئی سال پرانا ہے۔

2014میں آسٹریلیا کے خلاف 7 وکٹیں لینے کے بعد یاسر شاہ پاکستانی فتوحات کے مرکزی کردار رہے ہیں۔ یاسر شاہ پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 14 وکٹیں لینے والے دوسرے بولر بن گئے ہیں۔

1982 میں سری لنکا کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں14 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ یاسر شاہ نے پہلی اننگز میں 41 رنز دے کر 8 اور دوسری اننگز میں 143 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ عمران خان کو ایک ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 14 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 116رنز دیے تھے۔

یاسر شاہ نے متحدہ عرب امارات میں بہترین بولنگ کا اعزاز حاصل کیا۔ گذشتہ سال ابوظہبی ٹیسٹ میں انہوں نے 136 رنز دے کر 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے عبدالقادر اور فضل محمود کو 13 ,13 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں دو لیگ اسپنرز نریندرا ہروانی اور انیل کمبلے کو یاسر شاہ سے بہتر بولنگ کا اعزاز حاصل ہے۔

بھارتی اسپنر ہروانی نے ٹیسٹ ڈیبیو پر 136 رنز دے کر 16 اور انیل کمبلے نے پاکستان کے خلاف 149 رنز کے عوض 14 وکٹ حاصل کیے تھے۔

مزید خبریں :