Time 14 اپریل ، 2019
پاکستان

حنیف عباسی رہائی کے بعد راولپنڈی پہنچ گئے

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی—. 

راولپنڈی: ایفی ڈرین کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی راولپنڈی میں اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے۔

مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے حنیف عباسی کا راولپنڈی پہنچنے پر پُرجوش استقبال کیا اور خوب نعرے بازی کی۔

اس دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ عوام اور کارکنوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا اور اہل خانہ کا خیال رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے عدالتی فیصلے کو قبول کیا، جیل قبول کی یہاں تک کہ اٹک کی چکیوں میں پھینکا گیا لیکن لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ حق اور سچ پر مبنی تھا۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ یہ جیل عوام کی خدمت سے روک سکتی ہے نہ ڈرا سکتی اللہ نے موقع دیا تو سیاسی میدان میں پھر مقابلہ کریں گے تاہم عدالتیں جوبھی فیصلہ کریں قبول کریں گے۔

واضح رہے کہ 13 اپریل کو لاہور ہائیکورٹ نے ایفی ڈرین کیس میں حنیف عباسی کو کیمپ جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔

ایفی ڈرین کوٹہ کیس کا پس منظر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی و دیگر ملزمان پر جولائی 2012 میں 500 کلو گرام ایفی ڈرین حاصل کرنے کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حنیف عباسی سمیت دیگر ملزمان پر 9 سی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

اس مقدمے میں حنیف عباسی کے علاوہ غضنفر، احمد بلال، عبدالباسط، ناصر خان، سراج عباسی، نزاکت اور محسن خورشید نامی افراد بھی شامل تھے۔

ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں دورانِ سماعت 5 ججز ہوئے جبکہ کیس میں 36 گواہان نے اپنی شہادتیں قلمبند کرائیں، ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایفی ڈرین کا غلط استعمال کیا۔

مزید خبریں :