19 ستمبر ، 2019
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کا دورہ، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں معاون ثابت ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی سیریز کے کامیاب انعقاد کیلئے پرعزم ہے، شائقین کو اچھی سیریز دیکھنے کو ملے گی اور دنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ملک ہے۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے سری لنکن بورڈ کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد اس دورے کی راہ ہموار ہوئی۔
واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم پہلے ہی دورہ پاکستان کیلئے ون ڈے اور ٹی20 اسکواڈز کا اعلان کر چکی ہے۔سری لنکن ٹیم 27ستمبر کو پہلا ون ڈے میچ کراچی میں کھیلے گی جس کے بعد سیریز کے بقیہ ون ڈے میچز بالترتیب 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 5 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے بعد بقیہ دونوں میچز کی میزبانی کی بھی قذافی اسٹیڈیم 7 اور 9اکتوبر کو کرے گا۔
یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں کیے گئے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔اس حملے میں 6 پاکستانی پولیس اہلکار اور دو شہری جاں بحق ہوئے تھے جبکہ سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی اور میچ آفیشلز زخمی بھی ہوئے تھے۔
اس حملے کے بعد 8سال بعد سری لنکن ٹیم پاکستان میں ٹی20 میچ کھیلنے راضی ہوئی اور اکتوبر 2017 میں پاکستان آ کر ٹی20 میچ کھیلا تھا۔پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے سبب سری لنکن ٹیم کے 10 اہم کھلاڑی پہلے ہی دورہ پاکستان سے انکار کر چکے ہیں۔