Time 01 اکتوبر ، 2019
پاکستان

نیب کا پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری عامر کیانی کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ

سابق وفاقی وزیر عامر محمودکیانی پر اپنے دور میں ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ کرنے کے الزامات ہیں— فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی عامر محمود کیانی کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر برائے صحت عامر محمود کیانی کے خلاف ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی اضافے کے الزامات ہیں۔

عامر محمود کیانی اگست 2018 سے اپریل 2019 تک وفاقی وزیر صحت کے عہدے پر براجمان تھے، انہیں وزیر اعظم عمران خان نے  18 اپریل 2019 کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے عامر کیانی کے خلاف نیب راولپنڈی کو انکوائری کی ہدایات دی ہیں۔

نیب کو رواں سال عامر کیانی کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں،عامر کیانی کے خلاف شکایات کی تصدیق کے بعد ان کے خلاف انکوائری کا حکم دیا گیا۔

عامر محمود کیا نی راولپنڈی کے حلقہ این اے 61 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور اس وقت پاکستانی تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری بھی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل کے مہینے میں ادویہ ساز کمپنیوں نے ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد ازخود اضافہ کردیا تھا جس کے بعد جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں بھی 400 روپے تک کا اضافہ کا ہوگیا تھا۔

عوام کی جانب سے احتجاج اور تنقید کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے 72 گھنٹے میں قیمتیں واپس پرانی سطح پر لانے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :