Time 10 اکتوبر ، 2019
کھیل

سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کیلئے قرارداد جمع

 سری لنکن ٹیم سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کی تحقیقات کرائی جائیں۔ فوٹو: فائل

سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرا دی گئی۔

سری لنکا کی ناتجربہ کار  ٹیم کے ہاتھوں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

تینوں میچوں میں شکست کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے کپتان سرفراز احمد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق بھی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ سری لنکا جیسی باتجربہ کار ٹیم سے شکست آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بولنگ پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے اور شکست کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہا ہوں۔

اب قومی کرکٹ ٹیم کے قائد سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرارداد بھی جمع کرا دی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رکن ملک ظہیر اقبال کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم 8 ویں نمبر کی ٹیم سے سیریز ہار گئی۔

پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں سری لنکن ٹیم سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :