قومی ہاکی کھلاڑیوں کا غیر ملکی دوروں پر یومیہ معاوضہ دُگنا ہوگیا

قومی کھیل ہاکی میں کھلاڑیوں کو میچ فیس کی مد میں کوئی رقم نہیں دی جاتی ،فوٹو:فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے کھلاڑیوں کو غیر ملکی دورے کے دوران دیا جانے والا یومیہ معاوضہ دُگنا کردیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو غیر ملکی دورے پر یومیہ 10 ہزار روپے دیے جاتے تھے تاہم اب اسے دُگنا کرکے 20 ہزار روپے کیا گیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اولمپئین آصف باجوہ کا گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے معاوضے میں اضافے کی منظوری دی۔

 واضح رہے کہ قومی کھیل ہاکی میں کھلاڑیوں کو میچ فیس کی مد میں کوئی رقم نہیں دی جاتی جب کہ قومی ہاکی  فیڈریشن غیر ملکی دورے پر سارے اخراجات اٹھانے کی بھی ذمہ دار ہوتی ہے۔

 اس بارے میں سیکریٹری اولمپئین آصف باجوہ کہتے ہیں کہ اولمپک کوالیفائر کے سلسلے میں فیڈریشن کو ڈیڑھ کروڑ کے اخراجات برداشت کرنے ہوں گے۔

 نیدرلینڈ کے خلاف اولمپک کوالیفائر کی تیاری کے لیے 17 ویں نمبر کی پاکستان ٹیم کی جانب سے 27 ویں نمبر کی عمان ہاکی ٹیم کی لاہور میں میزبانی کے سوال پر آصف باجوہ نے کہا کہ ایسا تاثر دینا  سراسر غلط ہے کیونکہ عمان کے خلاف ہمارے ڈیویلپمنٹ اسکواڈ نے میچ کھیلے۔

انہوں نے کہا کہ عمان ٹیم ایشین کپ کی تیاریوں کے لیے پاکستان آئی، مشرق وسطیٰ میں عمان ایک اہم ملک ہے اور اگر مستقبل میں غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان آنے سے معذرت کی تو ہم عمان کو ہوم گراؤنڈ کے طور پر استعمال کریں گے۔

ٹوکیو اولمپک 2020ء کھیلنے کے سوال پر آصف باجوہ نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ہمارا مقابلہ نیدرلینڈ جیسی مضبوط ٹیم سے ہے، البتہ ہم پوری توانائی کے ساتھ مقابلہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اولمپک کوالیفائر کے میچوں کے دوران جرمن ہاکی فیڈریشن کے صد ر کے علاوہ یورپ کے مختلف ممالک کے آفیشلز کے ساتھ ملاقات میں میچوں پر بھی گفتگو کریں گے۔

مزید خبریں :