' لیگ کرکٹ نہیں کھیلیں تو کیا کریں'

ٹیسٹ کرکٹ سے میں ریٹائرمنٹ لے چکا ہوں لہذا مجھے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے فٹنس کیمپ کے لئے بھی مدعو بھی نہیں کیا جارہا،محمد حفیظ،فوٹو:فائل

پاکستانی کرکٹر محمدحفیظ نے ٹی 10 لیگ میں 'قلندرز' کو اپنی دستیابی سے آگاہ کردیا۔

ابو ظہبی کا شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم 14سے 24 نومبر تک ٹی 10لیگ کی میزبانی کرے گا  جس میں پاکستان کی ٹیم قلندرز بھی شامل ہے۔

قلندرز کی ٹیم میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی، عمران نذیر، آل راؤنڈر عماد وسیم کے ساتھ کئی اُبھرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز  بھی شامل ہیں۔

اس ٹیم کے ایک اور اہم کھلاڑی سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ بھی ہیں جو پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 2019ء میں 'لاہور قلندرز 'کے کپتان تھے، البتہ زخمی ہونے کے سبب انھیں ٹورنامنٹ کے دوران دست بردار ہونا پڑا تھا۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز میں کیریبین لیگ کھیلنے کا تجربہ اچھا رہا، فیصل آباد میں ڈومیسٹک ٹی 20کے بعد اب ایک دو دن گھر والوں کےساتھ وقت گزار کر ابوظہبی میں ٹی 10میں'قلندرز' کی نمائندگی کروں گا۔

 اس سوال کے جواب میں کہ کیا بورڈ سے آپ کو اجازت مل گئی؟ محمد حفیظ نے کہا کہ میں بورڈ کے ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ نہیں ، ناہی میں قائداعظم ٹرافی کھیل رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیونکہ ٹیسٹ کرکٹ سے میں ریٹائرمنٹ لے چکا ہوں لہذا مجھے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے فٹنس کیمپ کے لئے مدعو بھی نہیں کیا جارہا۔

قومی ٹیم کے سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان کا کہنا تھاکہ بورڈ نے ہم جیسے کرکٹرز کے لیے کوئی واضع پالیسی دی ہی نہیں ، ہم پروفیشنل کرکٹر ہیں،ہمارے پاس بورڈ کا کوئی معاہدہ نہیں،ہم قومی ٹیم کی ون ڈے اور ٹی 20میں پرفارمنس اور فٹنس کی بنیاد پر کھیلنے کے لئے دستیاب ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ اب سلیکٹرز کا فیصلہ ہے ہمیں کھلانا ہے یا نہیں ؟نئے فرسٹ کلاس نظام کے نافذ ہونے کے بعد کئی سال سے اپنی نوکری کا بھی پتہ نہیں ، ایسے میں لیگ کرکٹ نہیں کھیلیں تو کیا کریں ۔

مزید خبریں :