Time 03 نومبر ، 2019
کھیل

محمد عباس اور شاہین آفریدی آسٹریلیا میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم


قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے سخت محنت کی ہے ، وہاں کی کنڈیشنز میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

‏پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل 10کھلاڑی کل آسٹریلیا روانہ ہوں گے، روانگی سے قبل کھلاڑیوں نے اوپن میڈیا سیشن میں حصہ لیا۔

اس موقع پر ‏فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا کہ انہوں نے فرسٹ کلاس کے کچھ میچز میں حصہ لیا ہے جس کے بعد مینیجمنٹ نے انہیں اکیڈمی میں بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ 

محمد عباس کا کہنا تھا کہ 3 ہفتے سخت محنت کی ہے اور اب میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے تیار ہوں، سیریز سے پہلے وہاں جانے کا موقع مل رہا ہے جس کا فائدہ ہو گا  اور کھلاڑی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوں گے۔ 

 انہوں نے کہا کہ میں ہر طرح کی کنڈیشنز کو قبول کرتا ہوں  ایسا نہیں ہے کہ کنڈیشنز سے فائدہ ہو رہا ہو تو میں اچھی بولنگ کرتا ہوں، میں دبئی میں 10 وکٹیں لینے والا پہلا فاسٹ بولر ہوں اور آسٹریلیا میں بھی تگڑی بولنگ کروں گا۔

 محمد عباس نے مزید کہا کہ ہمیشہ اپنے سینئرز سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، پہلے مینیجمنٹ میں اظہر محمود شامل تھے، اب بولنگ کوچ وقار یونس ہیں تو اب اُن سے بھی سیکھنے کی کوشش کروں گا۔

قومی ٹیم میں نئے فاسٹ بولرز کی آمد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نئے فاسٹ بولرز کا آنا پاکستان کرکٹ کیلئے بہت اچھا ہے، فاسٹ بولنگ میں ہمیشہ مقابلہ رہتا ہے، میری نیک خواہشات نئے فاسٹ بولرز کے ساتھ ہیں۔

اب مکمل فٹ ہوں: شاہین شاہ

نوجوان ‏فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی پہلے ڈینگی بخار میں مبتلا رہے پھر انہیں ہیم اسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث وہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز اور پھر آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل نہ ہو سکے ۔

 شاہین شاہ آفریدی کہتے ہیں کہ میں اب مکمل فٹ ہوں، فرسٹ کلاس میچ بھی کھیلا ہے جس سے میچ پریکٹس کا موقع ملا، فٹنس کا اس وقت کوئی مسئلہ نہیں ہے، فٹنس کیلئے مجموعی طور 113 اوورز کیے ہیں۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ  وہ کسی ایک فارمیٹ کے لیے پرفارم نہیں کرنا چاہتے جس فار میٹ میں موقع ملے، ان کا کام پرفارم کرنا ہے ، اب موقع ملا ہے تو کوشش ہو گی اچھی کارکردگی دکھاؤں۔

 شاہین شاہ آفریدی نے بھی نوجوان فاسٹ بولرز کی آمد کو اچھا قرار دیتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولنگ میں مقابلہ رہتا ہے، میری توجہ اپنی کارکردگی پر ہوتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آف دی فیلڈ منفی خبروں پر ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ان پر دھیان نہ دوں  اپنی توجہ کھیل پر رکھتا ہوں۔

مزید خبریں :