07 نومبر ، 2019
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کرتار پور میں داخلہ ایک پرمٹ یا پاسپورٹ کے تحت ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کرتارپور میں انٹری لیگل انٹری ہوگی، ایک پرمٹ کے تحت ہوگی، یا پاسپورٹ بیسڈ آئیڈنٹیٹی کے تحت ہوگی۔
علاوہ ازیں پاکستان نے سکھ مذہب کے پیشوا بابا گرونانک کے 550 جنم دن کے حوالے سے خصوصی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں کہ 9 نومبر کو کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کی تعداد تقریباً 10 ہزار ہو گی۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے بابا گرونانک کے 550 جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے یاتریوں کے لیے پاسپورٹ کی شرط ایک سال کے لیے ختم کی گئی ہے، بھارت کی طرف سے یاتریوں کی فہرست دس روز قبل پاکستان کو فراہم کرنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے، 9 اور 12 نومبر کو 20 ڈالر فی یاتری سروس چارجز فیس بھی ختم کر دی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری سے آنے کے خواہاں یاتریوں کی تعداد ساڑھے 4 ہزار ہو چکی ہے، کرتار پور راہداری بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے وقف ہے، جو اُسی روز اِسی راستے سے واپس جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودوہ حکومت کی مذہبی سیاحت کے فروغ پر کافی توجہ ہے، مذہبی سیاحت سے علاقائی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان 9 نومبرکو ضلع نارووال میں کرتار پور راہداری کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔