کراچی میں ہونے والے انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کیلئے سیکیورٹی فیس کی شرط ختم

پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے پاکستان میں پی ایس اے کے دسمبر 2019ء میں ہونے والے ٹورنامنٹ کیلئے سیکیورٹی فیس ختم کرنے کا اعلان کیا— فوٹو: فائل

پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے آئندہ ماہ کراچی میں ہونے والے انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کیلئے سیکیورٹی فیس کی شرط ختم کردی۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں ہونے والے ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے اجلاس کے دوران پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ائیر وائس مارشل عامر مسعود نے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن سے ملاقات کی اور اگلے ماہ پاکستان میں ہونے والے اسکواش کے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

اس کے بعد سی ای او  پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے پاکستان میں پی ایس اے کے دسمبر 2019ء میں ہونے والے ٹورنامنٹ کیلئے سیکیورٹی فیس ختم کرنے کا اعلان کیا۔ یہ ٹورنامنٹ کراچی میں منعقد ہوگا۔

سی ای او پی ایس اے نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بھی عالمی سطح کے مقابلوں کی سیکیورٹی فیس وصول نہ کرنے کا فیصلہ پی ایس اے بورڈ میں کیا جائے گا۔

پی ایس اے کے اس فیصلے سے پاکستان اسکواش فیڈریشن کو پاکستان میں عالمی سطح کے ٹورنامنٹس کے انعقاد اور فروغ میں مدد ملے گی۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینیئر نائب صدر نے ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے صدر سے بھی تفصیلی ملاقات کی جس میں پاکستان میں 2022ء میں ہونے والی ورلڈ جونیئر چیمپیئن شپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن کے قیام کے بعد یہاں عالمی سطح کے ایسے مزید ٹورنامنٹ کا انعقاد اشد ضروری ہے۔

ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے صدر نے پاکستان کے اسکواش کے فروغ کیلئے کردار کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ورلڈ اسکواش فیڈریشن پاکستان کی مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔

مزید خبریں :