Time 09 نومبر ، 2019
کھیل

پاکستان میں فٹبال کا مستقبل روشن مگر گراس روٹ پر کام کی ضرورت ہے: فیگو

— جیو نیوزفوٹو

پرتگال کی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان لوئس فیگو کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان میں فٹبال کو ترقی دینا ہے تو ضروری ہے کہ گراس روٹ لیول پر کام کیا جائے کیوں کہ عمارت اس وقت ہی مضبوط ہوگی جب بنیاد اچھی ہوگی۔

فیگو ہفتے کی صبح ورلڈ سوکر اسٹارز ایونٹ میں شرکت کیلئے اسپین کے کارلس پیول، برازیل کے رکارڈو کاکا اور فرانس کے نکولس انیلکا کے ساتھ کراچی پہنچے۔

دورہ پاکستان میں فٹبال ایکشن سے قبل پرتگال کے لیجنڈ فٹبالر نے جیو کو انٹرویو میں کہا کہ فٹبال کی ڈولپمنٹ کیلئے اقدامات پر اگر بات کرنے بیٹھیں تو گھنٹےگزر جائیں گے۔

سابق پرتگال اسٹار کے مطابق، سب سے اہم یہ ہے کہ اسکول میں فٹبال پر کام کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ پرتگال میں یہ روایت کا حصہ ہے کہ اسکول میں بچے فٹبال کھیل کر وقت گزارتے ہیں جس کی وجہ سے یہ ایک کلچر بن چکا ہے اور فٹبال فروغ پارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر قومی ٹیم کی پرفارمنس بہتر کرنا ہے تو اس کے لیے پہلے گراس روٹ پر کام کرنا ضروری ہوگا کیوں کہ کوئی بھی عمارت کی تعمیر میں پہلے چھت نہیں ہوتی بلکہ پہلے بنیاد ہی بنائی جاتی ہے،اس لیے اگر گراس روٹ لیول پر کام ہوگا تو اس سے مختلف ایج گروپ کی ٹیمیں سلیکٹ کرنے کا موقع ملے گا اور کھیل بھی پھیلے گا۔

ایک سوال پر 127 انٹرنیشنل میچز میں پرتگال کی نمائندگی کرنے والے لوئس فیگو نے کہا کہ بلاشبہ کرکٹ پاکستان میں نمبر ون اسپورٹس ہے لیکن یہاں فٹبال کا بھی کافی شوق ہے اور فٹبال میں یہاں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ ٹاپ کھیلوں میں مقام بناسکے۔

فیگو کا کہنا تھا کہ لیگ چاہے قومی سطح پر ہو، یا فرنچائز سطح پر، ضروری ہے کہ کہ اس لیگ میں مقابلے اور کوچنگ معیاری ہو۔

پاکستان آمد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دوبارہ پاکستان آکر اچھا لگ رہا ، وہ یہاں اب فٹبال ایکشن کیلئے تیار ہیں۔

لیگز میں متعدد اعزز جیتے والے لوئس فیگو نے 2004 میں پرتگال کی جانب سے یورو کا فائنل کھیلا لیکن جیت نہ سکے، ان کا کہنا تھا کہ ملک کیلئے بڑا اعزاز نہ جیتنے کا دکھ نہیں، خواہش ضرور تھی کہ بطور پلیئرز سارے اعزاز حاصل کرتے لیکن ہر کسی کو زندگی میں سب کچھ نہیں مل جاتا، اس لیے انہوں نے اپنے کیرئیر میں جوکچھ حاصل کیا اس پر فخر ہے۔

ریال میڈرڈ اور بارسیلونا ، دونوں ہی کلب کی نمائندگی کرنے والے فٹبالر نے ایک سوال پر کہا کہ سنہ2000میں بارسلونا چھوڑ کر ریال میڈرڈ جانا ان کیلئے ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن یہ کھلاڑی کے کیرئیر کا حصہ ہے۔

مزید خبریں :