14 جنوری ، 2012
برازیلیا … برازیل میں دفتری اوقات کار کے بعد ای میل کا جواب دینے والے ملازمین اوور ٹائم کے حق دار ہوں گے۔برازیل کی صدر دیلما روزیف نے نئے بل کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے تحت دفتری اوقات کے بعد ملازمین کو ای میل کا جواب دینے پر مجبور کرنے والی کمپنیاں اوور ٹائم ادا کرنے کی پابند ہوں گی۔جو کمپنیاں اوور ٹائم ادا نہیں کرتیں ان کے خلاف ملازمیں عدالت میں بھی جاسکیں گے۔برازیل میں کچھ لوگ اس قانون کو غیر ضروری سمجھتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ وہ کام کے اوقات کے علاوہ بھی اگر ای میلوں کا جواب دے دیتے ہیں تو یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں۔تاہم برازیل کے سرکاری وکیل نے اس بل کی حمایت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے اب گھر اور دفتر کے فرق کو ختم کردیا ہے۔جو کمپنیاں اور ادارے اپنے ملازمین سے ان کے گھروں پر بھی کام لینا چاہتے ہیں انھیں اس کی قیمت بھی ادا کرنی چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس قانون کی منظوری کے بعد ادارے اپنے ملازمین کو غیر ضروری ای میل کرنے اور انھیں اس کا جواب دینے پر مجبور کرنے سے باز رہیں گے۔