03 اپریل ، 2025
دنیا کی سب سے کم عمر ارب پتی شخصیت ایک ایسا نوجوان ہے جو اب بھی زیرتعلیم ہے۔
جی ہاں واقعی امریکی جریدے فوربز کے مطابق جرمنی سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ جوناس وون بوم بیک دنیا کے سب سے کم عمر ارب پتی ہیں۔
ویسے دنیا کے کم عمر ترین ارب پتی بننے میں جوناس ہوم بیک کا اپنا کوئی کمال نہیں۔
یہ اعزاز انہیں خاندان سے ورثے میں ملنے والی دولت کی وجہ سے ملا ہے۔
جوناس ہوم بیک جرمن فارماسیوٹیکل کمپنی Boehringer Ingelheim کے کم عم ترین وارث ہیں۔
یہ خاندان عوامی نظروں سے دور رہنا پسند کرتا ہے اور اسی وجہ سے یہ واضح نہیں کہ جوناس اور ان کے دیگر 3 بھائی بہن اس کمپنی کو چلانے میں کوئی کردار ادا کر رہے ہیں یا نہیں۔
اس کمپنی کو ابھی جونس ہوم بیگ کے ایک انکل چلا رہے ہیں اور دنیا کے کم عمر ترین ارب پتی اپنی زندگی میں کیا کرتے ہیں، اس بارے میں زیادہ تفصیلات موجود نہیں۔
یہ ضرور معلوم ہے کہ آسٹریا میں وہ اسکائنگ کے مقابلوں میں شرکت کرتے ہیں۔
جوناس ہوم بیک 5.4 ارب ڈالرز (لگ بھگ 15 کھرب پاکستانی روپے) کے مالک ہیں۔
فہرست کے مطابق دنیا کی دوسری کم عمر ترین ارب پتی برازیل سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ لیویا ویگوٹ ہیں۔
لیویا ویگوٹ بھی اس وقت یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں اور اس وقت ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز کی مالک ہیں۔
اتنی دولت کی مالک ہونے کے لیے انہیں اپنے آنجہانی دادا کا شکر گزار ہونا چاہیے جن کی برقی مصنوعات بنانے والی کمپنی WEG میں لیویا ویگوٹ کا کچھ حصہ ہے۔
لیویا ویگوٹ اور ان کی 27 سالہ بہن ڈورا ویگوٹ دونوں اس کمپنی کے 3، 3 فیصد حصص کی مالک ہیں۔
یہ کمپنی 135 سے زائد ممالک میں برقی مصنوعات برآمد کرتی ہے مگر دونوں بہنوں کا اسے چلانے میں کوئی کردار نہیں۔
گزشتہ سال انہیں دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی شخصیت قرار دیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ عوامی نظروں سے دور رہنا چاہتی ہیں۔
دنیا کے تیسرے کم عمر ترین ارب پتی اٹلی سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ Clemente Del Vecchio ہیں۔
Clemente Del Vecchio کے اثاثوں کی مالیت 6.6 ارب ڈالرز ہے جو ایک آئی گلاسز بنانے والی کمپنی کے وارثوں میں شامل ہیں۔