Time 20 نومبر ، 2019
کھیل

اے ایف سی انڈر 19 چیمپیئن شپ کوالیفائنگ کیلئے پاکستانی ٹیم عمان پہنچ گئی

کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور چیمپیئن شپ میں اچھے نتائج ملیں گے،کپتان زید عمر— فوٹو: جیو نیوز

ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی ) انڈر 19 چیمپیئن شپ کے کوالیفائرز میں شرکت کے لیے پاکستان انڈر 19 فٹبال ٹیم نے سلطنت عمان پہنچ کر تیاریاں شروع کردیں، پاکستانی ٹیم ایونٹ میں پہلا میچ 22 نومبر کو کویت سے کھیلے گی۔

اے ایف سی انڈر 19 کوالیفائرز میں پاکستان ٹیم گروپ اے میں شامل ہے، یہ مقابلے پہلے 2 نومبر سے عراق میں ہونا تھے لیکن انہیں بعد میں ملتوی کرکے عمان منتقل کردیا گیا، اب یہ ٹورنامنٹ 22 نومبر سے شروع ہوگا۔

پاکستان انڈر 19 فٹبال ٹیم زید عمر کی قیادت میں منگل کو مسقط پہنچی اور پہنچتے ہی ٹریننگ کا آغاز کردیا ۔ دو سیشنز میں پاکستان جونیئر فٹبال ٹیم نے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کی۔

قومی انڈر 19 فٹبال ٹیم کے کپتان زید عمر کہتے ہیں کہ عمان آمد سے قبل کراچی میں بھی بھرپور تیاریاں کی تھیں ، کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور چیمپیئن شپ میں اچھے نتائج ملیں گے ۔

امید ہے کہ کھلاڑی گراونڈ پر جارح مزاجی کے ساتھ اچھی فٹبال کھیلیں گے،کوچ ناصر اسماعیل— فوٹو: جیو نیوز

کوچ ناصر اسماعیل کا کہنا ہے کہ کراچی میں طویل کیمپ کے دوران پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات دیں جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر ٹیمیں  2، 2 ماہ انٹرنیشنل ٹیموں سے کھیل کر آئی ہیں  جب کہ پاکستان ٹیم نے مقامی کلبز کے خلاف ہی پریکٹس کی لیکن امید ہے کہ کھلاڑی گراؤنڈ پر جارح مزاجی کے ساتھ اچھی فٹبال کھیلیں گے۔

اے ایف سی چیمپئن شپ میں پاکستان انڈر 19 فٹبال ٹیم 22 نومبر کو کویت، 24 نومبر کو فلسطین، 26 نومبر کو عراق اور 28 نومبر کو عمان کے خلاف میچ کھیلے گی۔

مزید خبریں :