اے ایف سی انڈر 19 کپ کوالیفائرز: پاکستان آج کویت کیخلاف میدان میں اترے گا

پاکستان کے کوچ ناصر اسماعیل نے بتایا کہ انڈر 19 ٹیم کی کوشش ہوگی کہ چیمپئن شپ کے دوران جارحانہ فٹبال کھیلے— فوٹو: فائل

ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) انڈر 19 کپ کیلئے گروپ اے کے کوالیفائرز آج سے عمان میں شروع ہوں گے، پاکستان انڈر 19 ٹیم ایونٹ میں جارحانہ فٹبال کھیلنے کیلئے پر عزم ہے۔

اے ایف سی انڈر 19 کپ کوالیفائرز میں گروپ اے کے میچز عمان کے شہر مسقط میں کھیلے جائیں گے۔

گروپ میں پاکستان کے علاوہ عمان، کویت، فلسطین اور عراق کی ٹیمیں شریک ہیں۔ پاکستان فٹبال ٹیم (آج) جمعہ کو پہلا میچ کویت کیخلاف کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے کھیلا جائے گا۔

میچ سے قبل جمعرات کو پاکستان انڈر 19 فٹبال ٹیم نے مسقط میں بارش کے باوجود بھی بھرپور پریکٹس کی، پاکستان کے کوچ ناصر اسماعیل نے بتایا کہ انڈر 19 ٹیم کی کوشش ہوگی کہ چیمپئن شپ کے دوران جارحانہ فٹبال کھیلے اور اس تاثر کو ختم کریں کہ پاکستان ہمیشہ دفاعی انداز میں فٹبال کھیلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم نے اٹیکنگ حکمت عملی بنائی ہوئی ہے اور کھلاڑیوں سے اچھے نتائج کی توقع ہے۔

ایونٹ میں پاکستان فٹبال ٹیم 24 نومبر کو فلسطین، 26 نومبر کو عراق اور 28 نومبر کو عمان سے مقابلہ کرے گی۔

گروپ کی ٹاپ ٹیم براہ راست کوالیفائی کرجائے گی جبکہ ایونٹ کے اختتام پر چار بہترین رنر اپ کا بھی فیصلہ ہوگا جو اے ایف سی انڈر 19 کپ میں جگہ بنائیں گے۔

قطر، تاجکستان، ایران، بحرین، سعودی عرب، آسٹریلیا، ملائشیا، جنوبی کوریا، جاپان اور انڈونیشیا مختلف گروپس میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرکے پہلے ہی مین راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

یمن ، لاؤس اور ویتنام تین بہترین رنر اپ ٹیموں کے طور پر بھی جگہ کنفرم کرچکی ہیں۔

ناصر اسماعیل کے مطابق، پاکستان ٹیم کو مین ٹورنامنٹ میں کوالیفائی کرنے کیلئے گروپ اے کے میچز میں کم از کم سات پوائنٹس حاصل کرنا ہوں گے۔

مزید خبریں :