Time 26 نومبر ، 2019
کھیل

’اس دور کے بہترین کھلاڑیوں سے بھی بہتر کھلاڑی بننا چاہتی ہوں‘

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور ٹیم نے اب اچھے نتائج دینا شروع کردیے ہیں، آل راؤنڈر کائنات امتیاز— فوٹو: پی سی بی

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر کائنات امتیاز کا کہنا ہے کہ وہ کسی کو آئیڈیل بناکر اس کے جیسا نہیں بننا چاہتیں بلکہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اس دور کے بہترین کھلاڑیوں سے بھی بہتر کھلاڑی کے طور پر پہچانی جائیں۔

27 سالہ کائنات امتیاز دورہ انگلینڈ کیلئے اعلان کردہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

کراچی میں قومی ویمن ٹیم کے کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور ٹیم نے اب اچھے نتائج دینا شروع کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پلیئرز کو جتنا کھیلنے کا موقع ملے گا، ان کے کھیل میں اتنی ہی بہتری آئے گی، کائنات نے اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستانی پلیئرز میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ذہنی پختہ ہونا ضروری ہے، ذہنی پختگی نہ ہونے کی وجہ سے ویمن ٹیم اکثر جیتی ہوئی پوزیشن سے میچز ہارجاتی ہیں اور یہ ذہنی پختگی تجربے کے ساتھ آئے گی۔

جب کائنات سے پوچھا گیا کہ وہ اس دور کی کون سی پلیئر کو پسند کرتی ہیں اور ان جیسا نام بنانا چاہتی ہیں تو قومی ٹیم کی آل راؤنڈر نے پر اعتماد انداز میں کہا کہ وہ کسی کے جیسا نہیں، ہرکسی سے بہتر بننا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت میگ لینگ اور ایلسے ایسی پلیئرز ہیں جن کو ہر کوئی پسند کرتا ہے، ان کی خواہش ہے کہ وہ سب سے بہتر کے طور پر پہچانی جائیں۔

11 ایک روزہ میچز اور 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی کائنات امتیاز کا کہنا تھا کہ ملائیشیا میں انگلینڈ کیخلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم اچھے نتایج دے گی کیوں کہ اس سیریز کیلئے پاکستان ویمن ٹیم کافی عرصہ سے تیاری کررہی ہے۔

مزید خبریں :