30 نومبر ، 2019
بھارت نے ڈیوس کپ ایشین اوشیانا زون گروپ ون کی ٹائی میں پاکستان کو 0-4 سے شکست دیدی۔
قازقستان کے شہر نور سلطان میں بھارت نے ابتدائی روز دونوں سنگلز جیتنے کے بعد ہفتے کو بھی پاکستان کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں۔
ڈبلز میں لیندر پیئس اور جیون نیدو پر مشتمل بھارتی جوڑی نے حذیفہ عبدالرحمن اور محمد شعیب پر مشتمل پاکستانی جوڑی کو 1-6 اور 3-6 سے شکست دی اور ناقابل شکست 0-3 کی برتری حاصل کرلی جس کے بعد غیر ضروری چوتھے سنگل میں بھی پاکستانی کھلاڑی کچھ نہ کرسکے۔
ٹائی ہار جانے کے بعد آخری سنگل میں پاکستا ن کی جانب سے یوسف خلیل کورٹ میں اترے جنہیں سَمت نگل نے 1-6 اور 0-6کے اسکور سے شکست دی۔
اس جیت کے بعد اب انڈیا ڈیوس کپ فائنل کوالیفائرز میں کروشیا سے مقابلہ کرے گا۔
تجربہ کار بھارتی ٹیم کے خلاف پورے مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی مجموعی طور پر 7 گیمز ہی جیتنے میں کامیاب ہوسکے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا زون گروپ ون کی یہ ٹائی پہلے پاکستان میں ہونا تھی لیکن انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے سیکیورٹی وجوہات کو بنیاد بناکر ٹائی پاکستان سے نیوٹرل وینیو منتقل کردی۔
پاکستان کے ٹاپ پلیئرز عقیل خان اور اعصام الحق نے ٹائی کا بائیکاٹ کیا تھا جس کے بعد 29 اور 30 نومبر کو ہونے والے مقابلے کیلئے جونیئر پلیئرز کو نامزد کیا گیا تھا۔