Time 10 دسمبر ، 2019
کھیل

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے 11 کھلاڑی

سری لنکا کے خلاف پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں پاکستان ٹیم کا کمبی نیشن کیا ہوگااور قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر 2009ء کے بعد کھیلے جانےوالے ٹیسٹ میں کن گیارہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی؟

دوران پریس کانفرنس اس سوال کے جواب میں کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے، مطلب انہوں نے ٹیم کے حوالے سے واضع انداز میں گفتگو نہیں کی لیکن دوسری جانب اطلاعات یہ ہیں کہ ٹیم مینجمنٹ نے سری لنکا کے مقابلے پر پہلے ٹیسٹ میں 6 بیٹسمینوں، 3 فاسٹ بالروں، ایک وکٹ کیپر اور ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برسبین میں گزشتہ ماہ ٹیسٹ کیپ لینے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر نسیم شاہ پر ایک مرتبہ پھر اعتماد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسڑیلیا کے خلاف 20اوورز میں 114رنز دینے والے محمد موسی کی جگہ ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

دوسری تبدیلی افتخار احمد کی شکل میں پہلے ہی سامنے آچکی ہے جنہیں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز کے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

البتہ ان کی جگہ اسکواڈ میں شامل فواد عالم بھی راولپنڈی ٹیسٹ کی فائنل لائن اپ کا حصہ نہیں ہوں گے،کیونکہ ٹیم مینجمنٹ نے 34سال کے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کی جگہ حارث سہیل کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

11ٹیسٹ میں 36.75کی اوسط سے 735رنز بنانے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز کو آسڑیلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ میں ایک اور 8رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

25.66کی اوسط سے 9ٹیسٹ وکٹیں لینے والے حارث سہیل کو اب ان کی بالنگ اہلیت کے تناظر میں 11 رکنی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب حیران کن طور پر شان مسعود کے ساتھ اننگز کے آغاز کے لیے بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق پر پھر بھروسہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 2اور دوسری اننگز میں صفر پر آوٹ ہونیوالے امام الحق نے آخری 14ٹیسٹ اننگز میں صرف ایک نصف سینچری بنائی ہے۔

پنڈی اسٹیڈیم راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کے گیارہ کھلاڑی ممکنہ طور پر یہ ہو سکتے ہیں ۔ امام الحق، شان مسعود، اظہر علی ( کپتان) ،بابر اعظم ، اسد شفیق، حارث سہیل ، محمد رضوان ( وکٹ کیپر) ،یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ

مزید خبریں :