پاکستان
Time 27 دسمبر ، 2019

پولیو کے مزید 4 کیسز سامنے آگئے، رواں برس تعداد 115 ہوگئی

سندھ کے علاقے ٹنڈو الہ یار اور سکھر جبکہ خیبر پختونخوا میں ٹانک اور بنوں میں بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی— فوٹو: فائل

سندھ اور خیبر پختونخوا میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آگئے۔

سندھ کے علاقے ٹنڈو الہ یار اور سکھر جبکہ خیبر پختونخوا میں ٹانک اور بنوں میں بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

سندھ میں رواں برس پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 19 اور خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 81 ہوگئی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں پولیو کے دو نئے کیسز ضلع ٹانک اور بنوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

ضلع ٹانک میں 15 ماہ کے بچے اور بنوں میں 17 ماہ کی بچی پولیو سے متاثر ہوئی ہے۔

متاثرہ بچوں کے فضلوں کے نمونوں سے لیبارٹری ٹیسٹ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

رواں سال کے دوران خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 81 ہوگئی ہے۔

کوآرڈینیٹر آف ایمرجنسی آپریشن سینٹر عبدالباسط کے مطابق پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ ہے حکومت پولیو کے خاتمے میں پر عزم ہے تاہم والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کو حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔

سندھ سے بھی پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل کے مطابق ٹنڈوالہ یار کے 22 ماہ کے بچے اور سکھر کی 7 سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل کے مطابق سندھ میں رواں برس پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 19 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں پولیو کے مزید دو کیسز ظاہر ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے پولیو کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کئے لیکن نتائج ٹھیک نہیں ملے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ سندھ آنے والے تمام مقامات پر آنے والے خاندانوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ پولیو کیسز زیادہ تر بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے آنے والے خاندانوں سے یہاں پھیلتا ہے۔

مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے گڈاپ کو خصوصی درجہ دے کر پانی اور نکاسی آب کی اسکیمز شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو پولیو ویکسین کی خصوصی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

سال 2019 میں پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد 115 تک جاپہنچی ہے۔ سب سے زیادہ 81 کیسز کے پی کے، سندھ میں 19، بلوچستان میں 9 اور پنچاب میں 6 کیسز سامنے آئے ہیں۔

مزید خبریں :