31 دسمبر ، 2019
دنیا بھر میں کروڑوں صارفین پیغامات اور کالز کی مقبول ترین ایپ واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں لیکن کل سے بہت سے صارفین اس ایپ کے استعمال سے محروم ہوجائیں گے۔
ایسے تمام صارفین جو ونڈوز فون استعمال کر رہے ہیں انہیں کل سے واٹس ایپ استعمال کرنے کی سہولیت دستیاب نہیں ہو گی۔
اس وقت مائیکروسافٹ اسٹور پر یہ ایپ موجود ہے تاہم 31 دسمبر یعنی آج رات 12 بجے کے بعد اسے وہاں سے ہٹا دیا جائے گا۔
اس حوالے سے واٹس ایپ نے ونڈوز فون صارفین کو ایک پیغام بھی ارسال کیا ہے جس میں انہیں متنبہ کیا گیا کہ آپ 31 دسمبر کے بعد اپنے موبائل فون پر واٹس ایپ کو استعمال نہیں کر پائیں گے۔
علاوہ ازیں آنے والے چند ماہ کے دوران واٹس ایپ کچھ اینڈرائڈ اور آئی فونز کے ماڈلز پر بھی کام کرنا بند کردے گا۔
ایسے اینڈرائڈ فون صارفین جو اینڈرائڈ کا 2.3.7 ورژن یا اس سے پہلے والا ورژن استعمال کر رہے ہیں ان کے موبائل فون پر اب آئندہ برس یکم فروری سے واٹس ایپ موجود نہیں ہوگا۔
اسی طرح ایسے ایپل صارفین جو آپریٹنگ سسٹم 8 یا اس سے پرانا ورژن استعمال کر رہے ہیں انہیں بھی یکم فروری سے واٹس ایپ کی سروس نہیں ملے گی۔
واٹس نے ونڈوز صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ اپنے واٹس ایپ کی چیٹ یعنی بات چیت کو کھونا نہیں چاہتے تو وہ 31 دسمبر سے پہلے اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کی چیٹ ہسٹری کو ایکسپورٹ کرلیں۔